لاہور: معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل عالمی وبا کو شکست دے کر صحتیاب ہو گئے ، ان کا ٹیسٹ نیگیٹو آ گیا ہے۔
مولانا طارق جمیل کی جانب سے اس بات کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کیا گیا ہے۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ یہ ٹویٹر اکاؤنٹ مولانا طارق جمیل کا ہی ہے۔
ٹویٹ میں مولانا طارق جمیل نے تمام انسانیت کو اس موذی مرض سے نجات دلانے کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعا کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میرا ٹیسٹ منفی آ چکا ہے، تاہم ابھی مکمل طور پر صحتیابی حاصل نہیں ہوئی۔ انہوں نے اس موقع پر تمام مسلمانوں سے دعا کی بھی اپیل کی۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل مولانا طارق جمیل عالمی وبا میں مبتلا ہو کر ہسپتال جا پڑے تھے۔ طبعیت خراب ہونے اور عالمی وبا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ان کا فوری ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آیا۔
اس کے بعد انھیں فوری طور پر راولپنڈی کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ ابھی تک زیر علاج ہیں۔ مولانا طارق جمیل 14 دسمبر کو وبائی مرض میں مبتلا ہوئے تھے اور ان میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
اس موقع پر بھی ان کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں انہوں نے بتایا کہ میری کچھ دنوں سے طبعیت ٹھیک نہیں تھی، شک گزرنے کے بعد عالمی وبا کا ٹیسٹ کرایا تو میرے اندر اس مرض کی تشخیص ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے مجھے ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا جس پر میں نے فوری عمل کیا اور اپنا علاج کرانا شروع کر دیا۔