برطانیہ میں عالمی وبا کا نیا وائرس دریافت، کینیڈا نے پروازوں پر پابندی لگا دی

Canada to prohibit inbound flights from U.K. starting Monday
کیپشن: فائل فوٹو

اوٹاوا: کینیڈا نے برطانیہ میں عالمی وبا کا نیا خطرناک وائرس دریافت ہونے کے بعد اس کی پروازوں پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔

کینیڈین حکام کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی پروازوں پر پابندی کا اطلاق کب تک ہوگا، اس بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی اس لئے عائد کی گئی ہے تا کہ برطانیہ میں پیدا ہونے والے نئے وائرس کو ملک میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔ اس کیلئے ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے برطانوی طیاروں کو ملک میں لینڈ ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ تاہم پابندی کا اطلاق کارگو طیاروں پر نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں عالمی وبا کی صورتحال دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے۔ طبی ماہرین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبائی مرض کی نئی اور خطرناک قسم ملک میں تیزی سے پھیل رہی ہے، اس پر جلد از جلد کنٹرول نہ کیا گیا تو اس کے اثرات پورے ملک میں پھیل سکتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نیا وائرس دماغ پر حملہ آور ہو کر انسان کی جان لے سکتا ہے،۔

دوسری جانب عالمی سطح عالمی وبا کے حاصل کردہ ڈیٹا کے مطابق ترکی میں عالمی وبا سے مزید 246 اموات ہونے کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد تعداد 18 ہزار 97 ہو گئی ہے۔

اعدادشومار کے مطابق جرمنی میں123، روس میں 511، ایران میں 177، برطانیہ میں 326، اٹلی میں 352، میکسیکو میں 627، بھارت میں 330، برازیل میں 11، امریکا میں مزید 712 افراد کی اموات سامنے آ چکی ہے۔

حالیہ ڈیٹا کے مطابق جرمنی میں مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار 537، روس میں 50 ہزار 858، ایران میں 53 ہزار 625، برطانیہ میں 67 ہزار 401، اٹلی میں 68 ہزار 799، میکسیکو میں ایک لاکھ 17 ہزار 876، بھارت میں ایک لاکھ 45 ہزار 843، برازیل میں ایک لاکھ 86 ہزار 367، امریکا میں 3 لاکھ 24 ہزار 116 ہو گئی ہے۔

دنیا بھر میں عالمی وبا سے 5 کروڑ 39 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 7 کروڑ 69 لاکھ سے زائد اور 17 لاکھ کے قریب اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔