کراچی: آئی لینڈرز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ عابد علی اور شان مسعود نے سنچریاں داغ دیں۔قومی اوپنر عابد علی نے پاکستان کی 67سالہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا ریکارڈاپنے نام کرلیا.
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے ۔پاکستان نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 32 اور شان مسعود 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور سری لنکا کی پہلی اننگز کی سبقت کو ختم کیا۔عابد علی نے راولپنڈی ٹیسٹ کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بھی شاندار سنچری سکور کی اور وہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری سکورکرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
عابد علی اور شان مسعود کے درمیان 210 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے، عابد علی 115 اور شان مسعود 107 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
عابد علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری سکور کی ،وہ پاکستان کے لیے پہلے دو ٹیسٹ میچز میں دو سنچریاں سکور کرنے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر دنیا کے 9ویں بلے باز بنے ہیں،سابق پاکستانی اوپنر یاسر حمید نے اپنے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کی تھیں جب کہ وجاہت اللہ واسطی نے اپنے دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریا ں بنائی تھیں۔
بھارت کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کو اپنے پہلے تین ٹیسٹ میچز میں سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے، ان کے علاوہ بل پونسفورڈ نے1924ء،ڈگ والٹرز نے1965ء،سابق ویسٹ انڈین کپتان ایلون کالی چرن نے1972ء،سابق کینگرو اوپنر گریگ بلیوٹ نے1995ء،سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے1996ء،روہت شرما نے2013ءاور جمی نیشم نے2014ءمیں اپنے کیریئر کے پہلے دونوں ٹیسٹ میچز میں سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کررکھا ہے.
خیال رہے کہ پاکستانی اپنی پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے جواب میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر گرین کیپس پر 80 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔