حافظ آباد: حافظ آباد میں چک چٹھہ کے قریب شدید دھند کے باعث باراتیوں سے بھری بس ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی شکار بس علی پور سے باراتیوں کو لے کر ملتان جا رہی تھی جو شدید دھند کے باعث حافظ آباد میں چک چٹھہ کے قریب مخالف سمت سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے فوری بعد زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں 5 زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔