اسلام آباد:بینک دولت پاکستان(سٹیٹ بینک) نے 50 روپے کا نیا سکہ متعارف کروادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 50 روپے کا نیا سکہ جاری کردیا گیا ہے ۔نئے جاری کئے جانے والے اس سکے کے پیچھے ’ہمارا ایمان،کرپشن فری پاکستان‘ تحریر کیا گیا ہے۔انٹرنیشنل کرپشن ڈے کے موقع پر سٹیٹ آف پاکستان کی جانب سے 50 روپے کا خصوصی سکہ جاری کیا گیا ہے اور اس سکے کی تیاری میں خصوصی طور پر کاپر اور نکل کی دھات کا استعمال کیا گیا ہے۔
50 روپے کے اس سکے میں 75 فیصد کاپر جبکہ 25 فیصد نکل کی دھات استعمال کی گئی ہے جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے اس سکے کا وزن 13.5 گرام ہے اور اس کی موٹائی 30.0 ملی میٹر ہے۔سکے کے اردگرد اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان تحریر کیا گیا ہے جبکہ سکہ نہایت خوبصورت اور دلکش ڈیزائن میں بنایاگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کئے گئے 50 روپے کے اس سکے کی تصاویر بھی کافی وائرل ہوچکی ہیں جس میں اس کا خوبصورت ڈیزائن نمایاں ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پاکستان میں 10 روپے کا سکہ جاری کیا گیا تھا۔یہ سکہ چاندی کی دھات سے بنایا گیا ہے جس پر فیصل مسجد کی تصویر بنائی گئی تھی۔جس کے بعد گزشتہ سال کے آخر میں سوشل میڈیا پر ایک نئے سکے کی تصاویر گردش کرنے لگیں۔
یہ تصاویر 100 روپ کے سکے کی تھیں جبکہ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے 100 روپے کا سککہ تیار کرلیا گیا ہے جو کہ جلد مارکیٹ میں دستیاب ہوگا ۔تاہم اس حوالے سے سٹیٹ بینک کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت یا تصدیق نہیں کی گئی اور یہ تمام خبریں افواہیں ہی ثابت ہوئی تھیں۔