لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف جو کہ اس وقت پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوچکے ہیں کے بارے میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ این آر او چاہتے ہیں جس کے لئے انہوں نے اپنی اہلیہ تہمینہ درانی کو متحرک کیا ہوا ہے۔
شیخ رشید کے اس دعویٰ کے بعد تہمینہ درانی خود میدان میں آگئی ہیں اور انہوں نے واضح طور پر اعلان کردیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے تہمینہ درانی نے کہا کہ ”میرے شوہر شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر،اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی ہیں تو اس حساب سے وہ اپنی ڈیلز کرنے یا نہ کرنے کیلئے مکمل طور پر بااختیار ہیں اور انہیں اپنی مستقبل کی سیاست میں کامیابی کیلئے اپنی اہلیہ کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں شکایت اور وضاحت کرنے سے خود کو روکتی ہوں ،ٹانگوں کے بغیر جھوٹ کو بیساکھی کے ذریعے بھی مضبوط نہیں ہونے دینا چاہیے جو کہ سچائی کی برتری کو کمزور کردے۔
چودھری غلام حسین اور شیخ رشید صاحب کو جھوٹی خبروں سے اپنی ریٹنگ کو پہنچنے والے اثر سے محتاط رہنا چاہیے۔خیال رہے کہ آج میاں شہباز شریف پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔