ویمنز بگ بیش لیگ، سڈنی تھنڈر نے ہوبارٹ ہریکنز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

01:10 PM, 21 Dec, 2018

برسبین : سٹیفنی ٹیلر کی شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی کی بدولت سڈنی تھنڈر نے ویمنز بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ کے 22 ویں میچ میں ہوبارٹ ہریکنز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے 154 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 17.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

سٹیفنی ٹیلر نے میچ میں آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوبارٹ ہریکنز ٹیم کی تین اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اس کے علاوہ انہوں نے ناقابل شکست 20 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اس شاندار کارکردگی پر انکو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو سڈنی تھنڈر کی کپتان ایلکس بلیکویل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے ہوبارٹ ہریکنز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان میں 153 رنز بناکر سڈنی تھنڈر کو میچ میں کامیابی کے لئے 154 کا ہدف دیا۔ ہوبارٹ ہریکنز کی طرف سے فازاکرلے 35، نائٹ 34، مانڈھانا 29 اور ڈفارا اور ھال نے بالترتیب 17،17 رنز بنائے۔

سڈنی تھنڈر کی طرف سے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹیفنی ٹیلر نے 3 جبکہ فارل اور باٹیز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں سڈنی تھنڈر کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا اور یوں سڈنی تھنڈر نے ہوبارٹ ہریکنز کو میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

سڈنی تھنڈر کی طرف سے سٹالنبرگ نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55، پریسٹ نے 40 رنز بنائے جبکہ آل راﺅنڈر سٹیفنی ٹیلر اور کپتان بلیکویل بالترتیب ناقابل شکست 20، 20 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔

ہوبارٹ ہریکنز کی طرف سے نائٹ نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ سڈنی تھنڈر کی سٹیفنی ٹیلر کو شاندار آل راﺅنڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزیدخبریں