راولپنڈی: کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی اور مسلسل غیر حاضری پر ایان علی کے وکیل سرفراز علی نے عدالت کے روبرو دلائل دیئے کہ ڈاکٹروں نے ایان علی کو فروری میں پاکستان کے سفر کی اجازت دی ہے۔ ملزمہ فروری میں عدالت پیش ہو کر اپنے خلاف مقدمے کا سامنا کرے گی۔
عدالت نے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کرتے ہوئے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ 3 سال سے دانستہ غیر حاضر ہے اور ملزمہ کے عدالت میں سرنڈر کرنے تک وارنٹ گرفتاری واپس نہیں لئے جا سکتے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا 18 جنوری سے کوئی التواء نہیں ہوگا اور ملزمہ کی غیر موجودگی میں ہی ٹرائل شروع کر دیں گے۔
خیال رہے کہ ڈالر گرل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ وہ عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئیں اور گزشتہ دو سالوں سے وہ واپس نہیں لوٹیں۔