اوبر ایک ٹیکسی کمپنی ہے ٗ ٹیکنالوجی کمپنی نہیں : عدالت انصاف

اوبر ایک ٹیکسی کمپنی ہے ٗ ٹیکنالوجی کمپنی نہیں : عدالت انصاف

واشنگٹن :یورپی یونین کی عدالت انصاف نے کہا ہے کہ لوگوں کو ارزاں سواری فراہم کرنے والی کمپنی اوبر پر ٹیکنالوجی کمپنی کی بجائے ایک ٹیکسی سروس کے قوانین کا اطلاق کیا جائے۔ اس اقدام سے یورپ میں اوبر کی کاروباری سرگرمیوں نقصان پہنچے گا۔


تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ بارسلونا کی ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی جانے والی ایک شکایت پر کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے یہ مقدمہ اوبر کو بارسلونا میں اپنی سروسز سے روکنے کے لیے کیا تھا۔یورپی یونین کی اعلیٰ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اوبر وہی سروسز فراہم کررہی ہے جو دوسری ٹرانسپورٹ کمپنیاں مہیا کرتی ہیں۔ اس لیے یورپی یونین کے قوانین کے تحت اوبر کا اندارج سفری سہولتیں فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے طور پر کیا جائے۔

اس فیصلے کا اثر یورپی یونین میں شامل 28 ملکوں پر پڑے گا جہاں کی حکومتیں اوبر پر ٹرانسپورٹ کمپنی کے قوانین کا اطلاق کر سکتی ہیں۔تاہم اوبر کمپنی کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے یورپ کے صرف چار ملکوں میں اس کی سرگرمیاں متاثر ہوں گی جب کہ وہ یورپ کے دیگر ملکوں میں اپنی خدمات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔سین فرانسسکو میں قائم کمپنی اوبر کا کہنا تھا کہ اسے معلومات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے طور پر رجسٹر کیا جائے کیونکہ وہ مسافروں اور ڈرائیوروں کے درمیان موبائل فون کی ایک ایب کے ذریعے تعلق قائم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔