صعدہ: یمن کے حوثی باغیوں نے ملک پر قبضے کے لیے کئی شہروں میں بڑے پیمانے پر بارودی سرنگیں بچھانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ بدقسمتی سے حوثی باغی اپنے اس انسان اور قوم دشمن اقدام کے لیے بچوں کو بھی کھلے عام استعمال کرتے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق حوثی باغیوں نے صعدہ گورنری میں ایک 10 سالہ مرتضی نامی بچے کو باردی سرنگھیں بچھانے کے عمل پر مامور کیے رکھا۔حوثیوں نے مرتضیٰ سے اس کا معصوم پچپن چھین کر بارودی سرنگوں کی دنیا سے وابستہ کرتے ہوئے موت سے کھیلنے پر مجبور کیا۔ حال ہی میں صعدہ میں یمنی فوج نے ایک آپریشن کے دوران مرتضیٰ کو گرفتار کیا۔
گرفتاری کے بعد اس نے ان تمام مقامات کی نشاندہی کی جہاں اس کے سامنے یا موجودگی میں حوثیوں نے باردی سرنگیں بچھائی تھیں۔ اس کے چھوٹے چھوٹے ہاتھ بارودی سرنگیں بچھانے کے لیے استعمال کیے گئے۔
مرتضیٰ کو بارودی سرنگیں بچھانے کے خطرناک عمل پر مامور کرنے والے حوثیوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ یمن میں ایرانی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کس طرح بچوں کے حقوق کا استحصال کررہے ہیں۔اگرچہ مرتضیٰ اب آئینی فوج کے ایک حفاظتی مرکز میں ہے مگر کتنے ہی مرتضیٰ ایسے ہیں جن کا بچپن بارودی سرنگوں میں گھر چکا ہے۔