سعید اجمل و دیگر پاکستانی کرکٹرز یوگنڈا میں پھنس گئے

سعید اجمل و دیگر پاکستانی کرکٹرز یوگنڈا میں پھنس گئے

کمپالا: انڈین کرکٹ لیگ اور ابوظبی کی ماسٹرز لیگ کے بعد یوگنڈا میں ہونے والی ایفرو ٹی ٹوئنٹی لیگ کا بھی دھڑن تختہ ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپانسرز ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر بھاگ گئے جس کی وجہ سے پاکستان کے کئی کھلاڑی یو گنڈا کے شہر کمپالا میں پھنس گئے ہیں۔ یوگنڈا میں پاکستانی کھلاڑی بے یار و مدد گار پڑے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ رُل کر رہ گئے ہیں ان کے پاس پیسے ختم ہو چکے ہیں اور واپسی کے لئے ٹکٹ بھی نہیں ہے۔

یوگنڈا میں ایفرو ٹی ٹوئنٹی لیگ کے منتظمین نے اچانک حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے لیگ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کھلاڑی پریشانی کی حالت میں واپسی کے منتظر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں اکثر غیر ملکی کرکٹرز پاکستان کے تھے جبکہ ویسٹ انڈیز، بھارت اور امریکا کے علاوہ مقامی کھلاڑیوں نے بھی لیگ میں شرکت کی۔

پاکستان کے کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر غیر ملکی کرکٹرز تیسرے درجے کے تھے جن کی تعداد22 بتائی جاتی ہے۔ متاثرہ پاکستانی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جو معاوضہ طے ہوا تھا اس میں سے ایک پیسے کی بھی ادائیگی نہیں ہوئی ہے۔ سابق کپتان عامر سہیل کمنٹیٹر کی حیثیت سے کمپالا گئے تھے وہ کھلاڑیوں کو ریسکیو کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کر رہے ہیں۔

پاکستان کے جو کھلاڑی یوگنڈا میں پھنسے ہوئے ہیں ان میں اسٹار کرکٹر سعید اجمل، ٹیسٹ کرکٹر عمران خان جونیئر، یاسر حمید اور انٹرنیشنل کرکٹر مختار احمد بھی شامل ہیں۔ کرکٹرز کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو دن اذیت میں گزرے اور انہیں کھانا بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ ایک کمرے میں 8,8 کھلاڑی رہ رہے ہیں۔ یوگنڈا میں پاکستانی کمیونٹی کوشش کر رہی ہے کہ کھلاڑیوں کو واپسی کے ٹکٹ کرا کر دیئے جائیں۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایفرو لیگ آئی سی سی سے منظور شدہ تھی اور پاکستان کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد خلیل نے کھلاڑیوں کے معاہدے کرائے تھے۔

ٹورنامنٹ منسوخ ہوتے ہی خلیل مبینہ طور پر کمپالا سے فرار ہو گیا ہے اور منتظمین منظر سے غائب ہو گئے ہیں۔ کھلاڑی جب ایئر پورٹ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ آپ کے ٹکٹ منسوخ ہو چکے ہیں اب آپ کو نئے ٹکٹ خریدنا ہوں گے جس کے بعد کھلاڑی ایئر پورٹ کے ایک ہوٹل میں شفٹ ہو کر واپسی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پی سی بی نے دو دن قبل شارجہ لیگ ختم ہوتے ہی تصدیق کی تھی کہ اس نے پاکستانی کھلاڑیوں کو یوگنڈا لیگ میں کھیلنے کی اجازت دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں