حلب میں چار سال بعد کرسمس کا جشن

09:32 PM, 21 Dec, 2016

نیوویب ڈیسک

شام کے شہر حلب جو کہ اب شامی فوج کے کنٹرول میں ہےکے عیسائیوں نے دو ہزار بارہ کے بعد پہلی بار شہر کے عزیزیہ اسکوائر پر کرسمس ٹری کو سجاتے ہوئے کرسمس کا جشن منایا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عزیزیہ اسکوائر کے اطراف کے تمام مکانات پر شام کے پرچم لہراتے رہے جہاں سیکڑوں کی تعداد میں شامی عیسائیوں نے جو اقلیت میں بھی ہیں، کرسمس کے ساتھ ساتھ حلب شہر میں امن کی بحالی کا بھی جشن منایا۔ شام کا سب سے بڑا شہر حلب، جو اس ملک کا تجارتی مرکز بھی ہے، دو ہزار بارہ سے دو حصوں میں بٹا ہوا تھا اور اس شہر کے مغربی علاقے پر شام کی حکومت کا کنٹرول تھا جبکہ مشرقی علاقے پر دہشت گردوں کا قبضہ تھا۔

حلب کے عزیزیہ اسکوائر سے کچھ ہی فاصلے پر ایک بم دھماکہ ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم اس بم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ شام کے شہر حلب میں کرسمس کا جشن ایسی حالت میں منایا گیا ہے کہ شہر کے مشرقی علاقے سے مخالفین کے انخلا کا عمل، مکمل ہونے والا ہے اور آئندہ چند روز کے اندر شامی فوج ، حلب کے مشرقی علاقوں میں داخل ہو جائے گی۔

شہر حلب کی بلدیاتی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ شہر حلب کے دس سو چالیس گھرانوں کو، جو مسلح مخالفین کے محاصرے میں تھے، شہر کے مغربی علاقوں میں منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ حلب میں امن بحال ہوجانے کے باوجود اس شہر کے اطرف کے علاقوں میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شام کی فضائیہ نے شہر حلب کے شمالی مضافاتی علاقوں، عندان اور حیاّن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

مزیدخبریں