اسلام آباد: شاپنگ بیگز حاملہ خواتین کے لئے خطرناک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز میں ایک ایسا خطرناک کیمیکل پایا جاتا ہے جس سے خواتین میں قبل از وقت بچے پیدا ہونے لگے ہیں۔جو ان بچوں کی اموات کی سب سے اہم وجہ بتائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بچے ذہنی و جسمانی معذوریوں کا بھی شکار ہو جاتے ہیں.
مذکورہ تحقیق کے مطابق سائنسدانوں نے بچے کی پیدائش کے لئے ہسپتال آئی خواتین کے خون کے ٹیسٹ کے بعد اس میں پلاسٹک کی مقدار اور اس کے بچے پر اثرات کا معائنہ کیا اس تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ حاملہ خواتین پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کا جتنا زیادہ استعمال کرتی ہیں ان کے ہاں بچے کے قبل از وقت پیدائش کے امکانات بھی اتنے ہی زیادہ ہوتے ہیں۔ پلاسٹک کے لفافے کھانے پینے کی اشیاء کی پیکنگ میں بکثرت استعمال ہو رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ خواتین میں قبل از وقت بچے پیدا ہونے کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اس وقت بھی کسی نہ کسی حد تک خواتین قبل از وقت بچے پیدا کر ہری ہیں۔ اس رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ امریکا میں پیدا ہونے والے 10میں سے ایک بچہ قبل از وقت پیدا ہو رہا ہے۔ برطانیہ میں قبل از وقت بچوں کی پیدائش سے شرح اموات 7فیصد ہو گئی ہے۔