سبز چائے کے کرشمے

کاملیا سنینسس (Camellia sinensis) اس لحاظ سے منفرد بوٹی ہے کہ اس کے ذریعے پانچ اقسام کی چائے بنتی ہے

06:57 PM, 21 Dec, 2016

کاملیا سنینسس (Camellia sinensis) اس لحاظ سے منفرد بوٹی ہے کہ اس کے ذریعے پانچ اقسام کی چائے بنتی ہے۔ان میں سفید، اوولونگ (oolong)، زرد، سبز،پورہ(pu-erh) اور سیاہ چائے شامل ہیں۔یہ جڑی بوٹی پہلے پہل مشرقی ایشیا میں ملتی تھی،اب بھارت وپاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں اگائی جاتی ہے۔

کاملیا سنینسس سے بننے والی چائے کی اقسام میں سبز چائے کو خاص مقام حاصل ہے۔وجہ یہ کہ اس مائع غذا میں وہ تمام اجزا پائے جاتے ہیں جن کی ہمیں ضرورت ہے یا جو ہماری صحت کے لیے مفید ہیں۔ان غذائی اجزا میں وٹامن اے، بی، سی، زنک، کیلشیم، پوٹاشیم، فلورائڈ اور آئیوڈین قابل ذکر ہیں۔

سبز چائے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اسے پینے سے ہم دن بھر چست و تندرست رہتے ہیں۔نیز یہ کئی امراض میں مفید ہے جن کا ذکردرج ذیل کیا گیا ہے۔ کوشش کی جائے کہ سبز چائے کو ہمیشہ قہوے کی شکل میں لیںاور اس میں دودھ کا استعمال نہ کریں۔ دودھ کے استعمال سے اس کا ذائقہ خراب ہو جاتا ہے۔ عام چائے اور کافی میں کیلوریز یا حراروں کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس سے ہمارا وزن بڑھ جاتا ہے۔ان دونوں میں موجود کیفین ہمارے لیے نقصان کا سبب بھی بنتی ہے۔ اس کے برعکس سبز چائے میں کم کیلوریز ہوتی ہیں ۔لیکن اگر آپ اس میں دودھ اور چینی کا استعمال کریں گے تو پھر قدرتاً حرارے بڑھ جائیں گے۔لہذا کوشش کریں کہ اس کو بغیر چینی کے استعمال کریں۔ اگر آپ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا نہیں تو سبز چائے میں شہد اور شکر کا استعمال کر سکتے ہیں۔

کوشش کیجیے کہ سبز چائے کو روزانہ اپنے کھانے کے دوران استعمال کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ اول یہ قاعدہ آپ کے نظام انہضام کو بہتر بناتا ہے ۔یوں آپ کا کھانا جلد ہضم ہو جاتا ہے اور جسم کے مختلف حصوں میں چڑھی فالتو چربی بھی نکل جاتی ہے۔ایک تحقیق کے مطابق سبز چائے کا قہوہ شریانوں کی تنگی بھی دور کرتا ہے۔اس وجہ سے انسان دل کے دورے اور دیگر امراض قلب سے محفوظ رہتا ہے۔

جیسا کہ بتایا گیا،کافی اور عام چائے میں کیفین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔اسی لیے ان کا استعمال کم سے کم کیجیے اور اپنی صحت بہتر بنانے کی خاطر سبزچائے کو فوقیت دیں ۔یوں آپ بار بار ڈاکٹر کے پاس جانے سے بچ جائیں گے۔سبز چائے آپ کے وزن کو بھی کم کرنے میں بھرپور مدد کرتی ہے۔ شرط یہ ہے کہ سبز چائے کے دوران استعمال آپ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ۔کچھ وقت ضرور لگتا ہے لیکن آخر کار کامیابی مل جائے گی اور آپ سمارٹ دکھائی دینے لگیں گے۔

بے مثال فائدے: 
٭موٹاپے اور وزن میں کمی کرتی ہے۔
٭شریانوں میں موجود رکاوٹوں اور تنگی دور کرتی ہے۔
٭جسم میں برے کولیسٹرول میں کمی کا باعث بنتی ہے۔
٭دل کے امراض سے ہمیں بچاتی ہے۔
٭قہوے سے سرطان جیسے موذی مرض سے محفوظ رہتے ہیں۔
٭گھنٹیا کا مرض لاحق نہیں ہوتا۔
٭فوڈ پوائزنگ سے بچاتی ہے۔
٭دانتوں میں بننے والے جراثیم کا خاتمہ کرتی اور ان سے محفوظ رکھتی ہے۔
٭بلند فشار خون کو اعتدال میں رکھتی ہے۔
٭نظر اور یاداشت بہتر کرتی ہے۔
٭اس میں موجود کیلشیم ہماری ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔
٭ہماری جلد کے لیے فائدہ مند ہے۔
٭منہ کی بد بو ختم کرنے میں مدد کرتی ہے۔
٭شوگر کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے۔
٭جگر کے امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
٭الرجی کی مختلف اقسام سے بچاؤ ہوتا ہے۔
٭ذہنی دباؤ کم کرتی ہے۔
٭سبز چائے تمباکو نوشی کرنے والوں کیلئے فائدہ مند ہے۔

خاتمہ کلام: ہر غذا کی طرح سبز چائے کا حد سے زیادہ استعمال خطرناک ہے۔اس کو خاص طور پر نہار منہ استعمال نہ کریں۔اس کی وجہ سے سینے کی جلن اور تیزابیت چمٹ سکتی ہے۔مذید براں سبز چائے کا زیادہ استعمال انسان کو گردوں کے امراض میں مبتلا کر سکتا ہے۔ حاملہ خواتین سبز چائے استعمال نہ کریں تو بہتر ہے۔یوں ان کے حمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یہ اہم بات یاد رکھیے کہ کبھی غیر معیاری سبز چائے کا استعمال نہ کریں ۔کوشش کیجیے کہ ہمیشہ کسی اچھے برانڈ کی سبز چائے استعمال کریں۔آخر میں دوبارہ تاکید ، سبز چائے مفید ہے لیکن اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں