پنڈی ٹیسٹ :  پاکستان نے پہلے دن  بنگلہ دیش کیخلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنالیے

07:03 PM, 21 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : پاکستان نے پنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن ختم ہونے پر بنگلہ دیش کے خلاف 158 رنز بنائے ، قومی ٹیم کے  چار کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ راولپنڈی میں آج صبح سویرے تیز بارش ہوئی جس کے بعد  گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ٹاس تاخیرکا شکارہوا۔


قومی ٹیم کی طرف سے میچ کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا ، تاہم عبد اللہ شفیق تیسرے اوور میں   بنگلہ دیشی بائولر حسن محمد کی گیند پر   کیچ  آؤٹ ہوگئے، عبد اللہ شفیق نے 12 گیندوں پر 2 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔ قومی ٹیم کی دوسری وکٹ  14 رنز پر  اس وقت گری جب کپتان شان مسعود   6 رنز بناکر  لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے اس کے بعد تیسرے نمبر  پر آنے والے بابر اعظم  بھی صفر  پر ہی کیچ آؤٹ ہوگئے۔


16 رنز کے مجموعی سکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد صائم ایوب اور سعود شکیل نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور 98 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن پھر 114 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 56 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔


 واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 فاسٹ بائولرز کے  ساتھ میدان میں اتری ہے،کپتان شان مسعود پہلی مرتبہ ہوم سیریز میں ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

مزیدخبریں