اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث 23 اگست تک ملتوی کردی گئی۔ نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج آٹھویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی۔
اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا۔ ملزمان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ہمارے کونسل اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔
جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے اپنے دلائل میں کہا کہ وکلاء صفائی آج آٹھویں مرتبہ تفتیشی افسر پر جرح نہیں کر رہے اور یہ سب تاخیری حربے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، تین مرتبہ اگر گواہ پر جرح نہ ہو تو حق دفاع ختم ہو جاتا ہے، ہم نے تو تاحال حق دفاع ختم کرنے کی درخواست بھی نہیں کی لہذا عدالت وکلاء صفائی کو پابند کرے کہ وہ نیب تفتیشی افسر پر اپنی جرح مکمل کریں۔
بعد ازاں عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی۔