لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب حکومت کی ظرف سے ایک اور منصوبہ ”اپنا گھر اپنی چھت“ منصوبے کا افتتاح کردیا ۔ افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جس کے پاس زمین اپنی ہوتو حکومت گھر بنانے کیلئے15لاکھ روپے قرض دے گی۔
ان کا افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ اپنے گھر سے بڑی کوئی نعمت نہیں ہوتی، ہم لوگوں کو جلدی جلدی گھر بناکر بھی دیں گے۔ شہری علاقوں میں 5مرلہ جبکہ دیہی علاقوں میں 10مرلہ گھر کیلئے قرض ملے گا، حکومت پنجاب آپ کو 15لاکھ دے گی جس کو 7سال کی آسان اقساط میں دینا ہے، اس کی ماہانہ قسط 14ہزار روپے ہے ۔ قرض پر کوئی ٹیکس یاکوئی خفیہ چارجز نہیں ہیں۔
مریم نواز کاکہنا تھا کہ جن کے پاس زمین کا ٹکڑا ہے اور اپنی چھت نہیں تو دھیان سے سن لیں، دیہاتی علاقے میں 1سے10مرلے تک زمین ہے تو آپ کو قرضہ دیا جائے گا، ہمارے اس قرضے پر زیرو سود اور انٹرسٹ ہے، حکومت سروس چارجز بھی خود ادا کرے گی کوئی چارجز،انٹرسٹ اور سود ادا نہیں کرنا پڑیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے بڑا سولر پراجیکٹ بہت جلد لانچ کررہے ہیں، سولر منصوبے سے بجلی کے بلوں کا مسئلہ مستقل حل ہوجائے گا۔پنجاب کو دیکھ کر لوگوں کی دوڑیں لگی ہوئیں ہیں۔پنجاب ہر فیلڈ میں باقی صوبوں سے لیڈ کررہا ہے۔کم ازکم روز 16گھنٹے کام کرتی ہوں۔نہ خود آرام سے بیٹھتی ہوں نہ بیوروکریسی کو آرام کرنے دیتی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ احساس ہے کم آمدنی والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہم نے بجلی بلوں میں بھی 45سے50ارب روپے کا ریلیف دیں گے، ہم تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام بھی لارہے ہیں۔