اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نو مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ملزم حماد نذیر کی ضمانت کیس میں عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کردیا جبکہ فیصل آباد سے پی ٹی آئی ایم پی اے محمد لطیف کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کی گئی ۔
نو مئی جناح ہاؤس واقعات میں نامزد دو ملزمان کی ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ ن پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے ملزم حماد نذیر کی ضمانت کیس میں پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا ملزم پر الزام کیا ہے؟ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر پولیس کانسٹیبل کو ڈنڈا مار کر زخمی کرنے کا الزام ہے تاہم میڈیکل رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار کو ہجوم نے پتھر مار کر زخمی کیا تھا. جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل سے پوچھا کیا ملزم موقع پر موجود تھا؟ کیا ملزم کی موجودگی کی کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج ہے؟
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ملزم کی موجودگی کے کوئی شواہد پیش کیے گئے ہیں؟ وکیل نے بتایا ملزم دکاندار ہے موقع پر موجود نہیں تھا جبکہ کوئی سی سی ٹی وی پیش نہیں کی گئی نہ شواہد موجود ہیں.
سپریم کورٹ میں دوسرا مقدمہ سانحہ 9 مئی احتجاج پر فیصل آباد کے ایم پی اے لطیف نذر کی ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق سماعت ہوئی. ملزم کے وکیل طبعیت ناسازی کے باعث پیش نہ ہوسکے تاہم پی ٹی آئی ایم پی اے لطیف نذر عدالت کے سامنے پیش ہوئے.
بعد ازاں عدالت نے دونوں مقدمات کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی.