رواں مالی سال کے دوران 9.5کھرب سے زائد کا قرضہ حاصل کرنے کا منصوبہ تیار

رواں مالی سال کے دوران 9.5کھرب سے زائد کا قرضہ حاصل کرنے کا منصوبہ تیار

اسلام آباد :وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 25-2024 کے دوران قرضوں اور قرضوں پر سود کی ادائیگیوں سمیت دیگر مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے ملکی و غیر ملکی ذرائع سے 9.5کھرب سےزائد کاقرضہ حاصل کرنے کا جامع منصوبہ تیار کرلیا۔

وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 1039 ارب بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں اور 8736 ارب مقامی قرضوں پر خرچ ہوں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال میں 92 فیصد قرض مقامی ذرائع اور 8 فیصد بیرونی ذرائع سے حاصل کیا جائے گا۔

 حکام  کے مطابق مقامی ذرائع سے قرض حاصل کرنے کیلئے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز، اجارہ سکوک جاری کیا جائے گا، مقامی فنانسنگ کیلیے تین ماہ، چھ ماہ اور بارہ ماہ کی مدت کے شارٹ ٹی بلز کا اجرا نہیں کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران حکومت مرکزی بینک سے کوئی قرض نہیں لے گی۔ کلائمٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پروگرام کے تحت اے ڈی بی سے  40 کروڑ ڈالراور وومن انکلوسیو فنانس پروگرام کے تحت 10 کروڑ ڈالر قرض لیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن پروگرام کے تحت 30 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا جائے گا، رواں مالی سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا کمرشل قرض حاصل کیا جائے گا جبکہ عالمی مارکیٹ میں گرین بانڈز اور چائنیز مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، چائنیز مارکیٹ میں رواں مالی سال 30 کروڑ ڈالر کے بانڈز ایشو کیے جائیں گے۔

مصنف کے بارے میں