اسلام آباد : دہشت گردی کےتمام متاثرین اور پاکستانیو ں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کو بھی خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدرنےدہشت گردی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی نے ملک کو اربوں ڈالر کا مالی نقصان پہنچایا جس سےملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف 2 دہائیوں سے زائد عرصہ سے مسلسل جاری جنگ کی پاکستان نے بھاری قیمت چکائی ہے۔ہم نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو کھودیا۔ پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا تھا۔اس کے علاوہ ملک کے متعدد سیاسی اور مذہبی رہنما بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
انہو ں نے مزید کہا کہ ہماری دہشت گردی کے خلا ف کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے، اور ہم بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آج بھی ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور قوم کی امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
صدر پاکستان نے کہا کہ آج ہم دہشت گرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہمارا بنیادی مقصد عوام کی حمایت سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور ملک کے لیے ایک پُرامن مستقبل کا حصول ہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، جس کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں اور تعاون کی ضرورت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر کام کر کے سب کے لیے ایک محفوظ اور پرامن دنیا تشکیل دے سکتے ہیں۔