سان فرانسسکو: ایلون مسک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کی جانب سےایکس صارفین کو اکاؤنٹ ویریفائی کرانے کے لیے اپنی سیلفی اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ شناختی کارڈ کی تصویر جمع کرانے کی ضرورت ہو گی تاکہ معروف افراد کی نقل پر بنائے جانے والے اکاؤنٹس کی روک تھام ہوسکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکس کی جانب سے اکاؤنٹ کو ویریفائیڈ کرانے کے لیے ماہانہ سبسکرپشن کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ کی کاپی اور ایک سیلفی کی شرط بھی عائد کی جانے والی ہے۔
ایکس پر موجود ایک ایپ ریسرچر نے بتایا کہ ایلون مسک کے زیرملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ ویریفائیڈ کرانے کے لیے صارفین سے ان کی شناخت کی تصدیق کرائی جائے گی جس کے لیے لائیو سیلفی اور شناختی کارڈ کی تصویر درکار ہوگی۔
#X keeps working on the ID verification. You should upload a photo of your ID and take a live selfie. https://t.co/3bdGgzlnZh pic.twitter.com/F4ssglakHR
— Nima Owji (@nima_owji) August 16, 2023
تصدیقی عمل کے لیے درکار صارف کی ذاتی معلومات کو اسرائیلی کمپنی AU10TIX سافٹ ویئر کے ذریعے سنبھالا جائے گا جو صارف کی شناختی کارڈ کی تصویر اور بائیو میٹرک ڈیٹا کو 30 دنوں تک اپنے پاس سرور میں محفوظ رکھے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انصارف کی ذاتی معلومات کو سکیورٹی اور لوگوں کی نقل کی روک تھام کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ڈیٹا کو تھرڈ پارٹی کمپنی سے شیئر کیا جائے گا تاکہ وہ صارف کی شناخت کی تصدیق کر سکے۔
خیال رہے کہ دسمبر 2022 میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ٹوئٹر بلیو (اب اسے ایکس پریمیم کا نام دیا گیا ہے) نامی سبسکرپشن پروگرام متعارف کرایا تھا تاکہ صارف ماہانہ فیس ادا کرکے اکاؤنٹ ویریفائیڈ کراسکیں جبکہ انہیں دیگر اہم فیچرز تک خصوصی رسائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔
اس سبسکرپشن پروگرام کی ماہانہ فیس 8 ڈالرز (پاکستان میں 2250 روپے) ہے۔
سبسکرپشن پروگرام کے بعد بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جعلی اور لوگوں کی نقل پر مبنی مصدقہ اکاؤنٹس کی بھرمار ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ایکس کے ایڈ ریونیو شیئرنگ پروگرام کا اعلان جولائی کے شروع میں کیا گیا تھا جس کے تحت ایکس بلیو ٹک صارفین کو ایکس کے اشتہاراتی آمدنی کا حصہ دیا جاتا ہے۔