اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر اور انسانی حقوق کی وکیل ایمان مزاری کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
پراسیکیٹور کی طرف سے ایمان مزاری اور علی وزیر کو غداری، دھمکیاں دینے اور لوگوں کو اکسانے کے مقدمے میں ملزمان کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ تاہم انسداد دہشت گردی عدالت نے دونوں کو 3،3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئےپولیس کے حوالے کر دیا۔
سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور ایمان مزاری کو دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔