راولپنڈی : سابق وزیرِ اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ جب 25 مئی کو ہم پر تشدد کیا گیا تو پولیس کی طرف سے ہمیں بتایا گیا کہ یہ پیچھے سے ہمیں حکم تھا، یعنی نیوٹرلز کا دباؤ تھا کہ ان کو پھینٹا لگاؤ۔
عمران خان نے لیاقت باغ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا جینا مرنا یہاں ہے، میں کہیں باہر نہیں بھاگوں گا۔ چیف الیکشن کمشنر ہر فیصلہ ہمارے خلاف دے رہا ہے ۔ اندر سے پیغام آتا ہے کہ وہ تو کچھ نہیں کر رہا، پیچھے سے پریشر ہے بوٹ کا۔
عمران خان نے اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ’ابھی یہ جو تشدد ہوا ہے شہباز گل سے، ہم نے پولیس سے پوچھا کہ تشدد ہوا تو انھوں نے کہا پیچھے سے ہوا ہے کچھ۔ جو بھی اس ملک میں غلط ہوتا ہے آپ کا نام لگ جاتا ہے۔ میں یہ سوال پوچھتا ہوں کہ کون کس کو بدنام کر رہا ہے میرے گھر کوئی ملنے آتا ہے تو ان کو ایجنسیوں کا فون آتا ہے کہ آپ کیوں ملنے گئے تھے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میرے گھر کوئی آئے تو اس کے جوتے اتارے جاتے ہیں اور پولیس بتاتی ہے کہ نیوٹرلز کا پریشر ہے ہم پر۔ میں آج پوچھتا ہوں، کیا آپ نیوٹرل ہیں یا نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اگر نہیں ہیں تو کیوں اس ملک کو اتنا نقصان پہنچا رہے ہیں۔ میں آج سب کچھ اس لیے کہہ رہا ہوں کیونکہ مجھے پتا ہے کہ کیا منصوبہ بن رہا ہے۔ جو مسٹر وائے آیا ہے وہ مجھے پتا ہے کیا پلان بنا کر آیا ہے، میڈیا کو دباؤ، شہباز گل کو اٹھاؤ، عمران خان کو جیل میں ڈالو۔ عمران خان کو جیل سے فرق نہیں پڑے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بھی آپ کریں گے، آپ قوم کو نقصان پہنچائیں گے، اس پارٹی کو کمزور کرنے کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ اگر آپ ہمیں دیوار سے لگائیں گے، تو یہاں سری لنکا والا حال ہو جائے گا۔‘