پیمرا نے عمران خان کا خطاب براہ راست دکھانے پر پابندی عائد کر دی

10:09 AM, 21 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا خطاب براہ راست دکھانے پر پابندی عائد کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اپنی تقریروں میں اداروں پر مسلسل بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں اور نفرت انگیزی پھیلا رہے ہیں ۔

چیئرمین تحریک انصاف کی صرف ریکارڈ کی ہوئی تقاریر دکھائی جا سکیں گی ، وہ بھی کڑی مانیٹرنگ اور ایڈیٹوریل کنٹرول کے ساتھ جبکہ پیمرا ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی ہو گی ۔

اعلامیہ کے مطابق عمران خان اپنی تقریروں میں مسلسل اداروں اور افسران کے خلاف اکسا رہے ہیں ۔ وہ امن عامہ کو خراب کر رہے ہیں ۔ ان کے خطاب آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہیں ۔

پیمرا اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کی نفرت انگیزی سپریم کورٹ کے سوموٹو کیس اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بھی خلاف ہے ۔

گزشتہ روز ایف نائن پارک میں جلسے سے خطاب کرتے عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کی خاتون مجسٹریٹ کو دھمکی دیتے ہوئے آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پر کیس کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

مزیدخبریں