کابل: طالبان رہنماءاور قندھار کی سیکیورٹی کے انچارج ملا جمعہ نے کہا ہے کہ شہریوں کی داڑھی ہو یا نہ ہو، ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں، تاہم جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی جبکہ ظالمانہ برتاؤ اور جرائم کے واقعات پر طالبان کا احتساب ہو گا۔
قندھار میں طالبان رہنما اور قندھار کی سیکیورٹی کے انچارج ملا جمعہ نے چیک پوسٹ پر نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کو چیکنگ کے دوران شہریوں سے مہذب انداز میں پیش ہونے کی ہدایت ہے، نئی انتظامیہ نے شہریوں کیلئے قواعد و ضوابط جاری نہیں کئے جبکہ سیر گاہوں میں لوگوں کو معمول کے مطابق آنے جانے کی اجازت ہے۔
سیکیورٹی انچارج ملا جمعہ نے مزید کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، دیگر علاقوں کے طالبان کی بھی چیکنگ اور اسناد چیک کی جاتی ہیں جبکہ دوسرے علاقوں کے مسلح طالبان کے غیر ضروری گھومنے پر بھی پابندی عائد ہے۔
دوسری جانب طالبان کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ظالمانہ برتاؤ اور جرائم کے واقعات پر طالبان کا احتساب ہو گا، کابل پر بغیر گولی چلائے قبضے کو ابھی ہفتہ ہی گزرا ہے اور ہم نے طالبان کے ظالمانہ برتاؤ اور جرائم کے بعض واقعات کے بارے میں سنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ظالمانہ برتاؤ اور جرائم کے واقعات کی تحقیقات ہوں گی اور احتساب بھی ہو گا اور اگر کوئی طالبان امن و امان خراب کرے گا تو اس کے خلاف تحقیقات ہوں گی اور کارروائی کی جائے گی۔