سرکاری محکموں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا: وزیراعلیٰ پنجاب

01:28 PM, 21 Aug, 2021

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا کیونکہ حکومتی اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے مستند اعداد و شمار ضروری ہیں۔ 
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ فضیل آصف کی سربراہی میں ان کی ٹیم سے ملاقات کی جس دوران فضیل آصف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو حکومت کی تیسرے برس کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی، جس میں صوبائی محکموں او راداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ شامل ہے۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کے دوران کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا کیونکہ حکومتی اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے مستند اعداد و شمار ضروری ہیں، پنجاب کے تمام محکموں کی کارکردگی جانچنے کے لئے فول پروف میکنزم وضع کیا جائے گا اور حکومتی اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے مانیٹرنگ پر توجہ دینا ہو گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب نے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی ٹیم کو مستقبل کے اہداف کے حصول اوراصلاحات کے بارے میں ہدایات دیں جبکہ کارکردگی رپورٹ رپورٹ مرتب کرنے پر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

مزیدخبریں