نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردانہ کارروائیوں سے متاثر ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہو گا ۔
دہشتگردی کے شکار افراد کی یاد میں ہونے والی ایک تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ مجھے دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرنے اور اُن کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آپ کے ساتھ شامل ہونے پر خوشی ہے ۔
اپنے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس دن ، ہم ان افراد ، خاندانوں ، برادریوں اور معاشروں کو یاد کرتے ہیں اور ان کی عزت کرتے ہیں جو دہشت گردانہ کارروائیوں سے متاثر ہوئے ہیں ۔
اگلے مہینے واشنگٹن میں پینٹاگون پر دہشت گردوں کے حملے کو 20 سال ہو جائیں گے جب پنسلوانیا میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہوا اور یہاں نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹاوروں کو تباہ کر دیا گیا ۔ جس کے نتیجے میں بے شمار معصوم لوگ ہلاک ہوئے ۔ اس حملے نے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلایا ۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ہم نے دیکھا کہ دہشت گردی نے نئی اور پہلے سے زیادہ ناقابل یقین شکلیں اختیار کیں ، دنیا بھر میں ہزاروں افراد کو قتل اور معذور کیا گیا ، اس کے علاوہ خاندانوں اور معاشروں کو تباہ کیا گیا ۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پرتشدد مذہبی ، سیاسی انتہا پسندی اور نسل پرستی میں مزید اضافہ ہوا ۔
اب دنیا عالمی وبا کورونا وائرس سے خوفزدہ ہے جس نے ہماری نقل و حرکت اور اپنے پیاروں کو ملنے کی صلاحیت کو محدود کر دیا ہے ۔