پی آئی اے نے کابل فلائٹ آپریشن ایک بار پھر معطل کر دیا

پی آئی اے نے کابل فلائٹ آپریشن ایک بار پھر معطل کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے کابل فلائٹ آپریشن فی الحال معطل کردیا گیا ہے اور اس متعلق آئندہ لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 
ذرائع کے مطابق حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کابل میں ناکافی سہولیات اور رن وے پر موجود کچرا فلائٹ آپریشا میں بڑی رکاوٹ ہے اور ایئرپورٹ پر صفائی کا عملہ بھی موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو پی آئی اے کی دو پروازیں پاکستانیوں اور 10 مختلف ممالک کے افراد سمیت 390 مسافروں کو لے کر کابل سے اسلام آباد پہنچی تھیں جبکہ افغانستان سول ایوی ایشن کے سربراہ بھی جمعہ کو پاکستان پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) نے افغانستان میں پھنسے غیر ملکی مسافروں کو پاکستان لانے کیلئے گزشتہ روز کابل فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرتے ہوئے 2 طیارے افغان دارالحکومت بھیجے تھے۔ 
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ اے خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے 2 طیارے صبح اسلام آباد سے کابل کیلئے روانہ ہوں گے اور اس سلسلے میں افغان اتھارٹیز اور کابل ائیرپورٹ انتظامیہ سے بات چیت بھی ہو گئی ہے، یہ دونوں طیارے مسافروں کو لے کر آج ہی وطن واپس آ جائیں گے۔ 
واضح رہے کہ مغربی دنیا کے متعدد ممالک نے اپنے شہریوں کو کابل سے نکالنے کیلئے پاکستان سے رابطہ کیا تھا جبکہ اقوام متحدہ نے عملے کے 500 سے زائد افراد کو کابل سے نکالنے کیلئے پاکستان سے درخواست کی ہے۔
پاکستان نے افغانستان سے پہنچنے والے غیر ملکیوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے اور اس خصوصی مشن کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی اب تک 3 پروازیں کابل سے اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔
یاد رہے کہ یورپی ممالک کی درخواست پر پی آئی اے انتظامیہ نے روزانہ کی بنیاد پر 3 بوئنگ 777 طیارے کابل بھیجنے کا اعلان کیا تھا اور خصوصی آپریشن کے پہلے مرحلے میں پی آئی اے کے دو طیارے کابل پہنچے تھے جو کابل ایئرپورٹ پر افرا تفری اور ہنگامہ آرائی کے باعث بمشکل وطن واپس پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔