قومی اسمبلی اجلاس، ارکان کا میر حاصل بزنجو کو خراج تحسین

02:10 PM, 21 Aug, 2020

اسلام آباد:قومی اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے مطالبے پر نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو کی وفات پر ان کے احترام میں ملتوی کر دیا گیا، ارکان اسمبلی نے میر حاصل بزنجو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بہترین سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے، انہوں نے جمہوریت کی بقا کے لیئے جدوجہد کی، عدم تشدد کے حامی تھے، میر حاصل بزنجو کی جمہوریت کے لیئے جدوجہد کو تسلیم کرتے ہیں، انہوں نے ہمشیہ حق اور سچ کی بات کہی،میر حاصل خان بزنجو کی بلوچستان کے لیئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی.

ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں خواجہ آصف، راجہ پرویز اشرف، شیریں مزاری، شہریار خان آفریدی سمیت دیگر ارکان اسمبلی نے کیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی صدارت میں شروع ہوا، اجلاس میں سینیٹر میر حاصل بزنجو کیلئے دعا کرائی گئی، مسلم لیگ ن کے پارلیمانی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ میر حاصل بزنجو اس ایوان کے بھی ممبر رہے، بڑے آدمی کے بیٹے تھے .

انہوں نے جمہوریت کی بقا کے لیئے جدوجہد کی ، عدم تشدد کے حامی تھے، ہماری پارٹی کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات تھے، ایسے لوگ ہماری سیاست سے آہستہ آہستہ اٹھتے جارہے ہیں ،دلی غم کا اظہار ان کے لواحقین سے کرتا ہوں،ہمیں قومی اسمبلی کا اجلاس ان کے احترام میں ملتوی کرنا چاہیئے، ان کی یاد میں اجلاس ملتوی کر دیں ، رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے کہا کہ میر حاصل بزنجو وہ سیاستدان تھے جو دل کی بات کرتے تھے،صدمہ ہے کہ وہ اتنی جلدی ہم سے جدا ہو گئے، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میر حاصل بزنجو اصول پسند سیاستدان تھے، وہ اس ایوان کے ممبر رہے.

میر حاصل بزنجو سخت ترین بات بھی خوبصورت انداز میں کرتے تھے، میر حاصل بزنجو کو کینسر کا مرض لاحق ہو گیا، وہ کمال حوصلے والے انسان تھے، پاکستان ایک بہترین سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے ، میر حاصل بزنجو قومی لیول کے سیاستدان تھے ، قومی کااجلاس ان کے احترام میں ملتوی کر دیں، رکن قومی اسمبلی غوث بخش خان مہر نے کہا کہ وہ بڑے اچھے انسان تھے، رکن اسمبلی سید محمود شاہ نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو کی بلوچستان کے لیئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نے کہا کہ میر حاصل بزنجو نے ہمشیہ حق اور سچ کی بات کہی،انہوں نے محرومیوں کو اجاگر کیا، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ میرحاصل بزنجو کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ میر حاصل بزنجو کی جمہوریت کے لیئے جدوجہد کو تسلیم کرتے ہیں.

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی صابر حسین قائمخانی نے کہا کہ ہم سب ان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، رکن اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے، آج کے سیشن کو ملتوی ہونا چاہیئے، پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی رمیش کمار نے کہا کہ میر حاصل بزنجو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیئے قرارداد منظور ہونی چاہیئے، اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا ۔

مزیدخبریں