اسلام آباد: قومی کرکٹ کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی کیساتھ باؤلنگ کرنے سے بہت مزہ آرہا ہے، وہ بہت جلد سیکھ رہا ہے، پریکٹس اور میچ کے دوران ہم آپس میں بات چیت کر کے حکمت عملی بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران میں خود ڈسٹرب نہیں ہوتا، بیٹسمینوں کو ڈسٹرب کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
محمد عباس نے کہا کہ ہم نئے بال سے آؤٹ کرنے کی پلا ننگ کرتے ہیں جس کا ٹیم کو فائدہ ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ شاہین نے آؤٹ کیے ہیں تو میں بھی کروں۔فاسٹ باؤلرنے کہا کہ کنڈیشنز، پچز اور بال کے فرق کی وجہ سے انگلینڈ میں باؤلرز کو مدد ملتی ہے، سیم باؤلر کی وجہ سے انگلینڈ میں مجھے بھی مدد ملتی ہے، میری بہترین پرفارمنس دبئی میں ہے، ہر کنڈیشن میں اچھا کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
محمد عباس نے کہا کہ انگلینڈ میں باؤلروں کو بیٹسمینوں کے اوپر حاوی ہونے کا موقع ملتا ہے، بین سٹوکس اس وقت دنیا کا بہت بڑا نام ہے وہ بہترین آل راؤنڈر ہے، میچ سے پہلے بین سٹوکس کی ویڈیوز دیکھی تھیں اور پلان تیار کیا ہوا تھا۔محمد عباس نے کہا کہ بین سٹوکس کو اچھے ایریا میں باؤلنگ کرنے کی کوشش کی جس میں کامیاب ہوا، میں خود ڈسٹرب نہیں ہوتا، بیٹسمینوں کو ڈسٹرب کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ مانچسٹر میں نہیں جیت سکے، انگلینڈ صرف دو گھنٹے اچھا کھیلا، دوسرا ٹیسٹ بارش کی نذر ہو گیا، تیسرے ٹیسٹ کے لیے پرجوش ہیں۔محمد عباس نے کہا کہ ہمیں محنت کی ضرورت ہے، کوشش ہے کہ ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کریں۔