وزیر خارجہ کا دورہ چین کے دوران سی پیک کی جلد تکمیل پر بات چیت ہو گی

11:45 AM, 21 Aug, 2020

بیجنگ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دورہ چین کے دوران پاک چین اکنامک کوریڈور (سی پیک) کی جلد تکمیل پر چینی قیادت سے بات چیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، چینی ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، پاکستان اور چین دنیا کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کے خواہشمند  ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے جب ایک متنازع علاقے پر قبضے کی کوشش کی تو چین سامنے آیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس میں کمی کے بعد میرا پہلا دورہ چین ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے  کشمیریوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا ہے وہ سب کے علم میں ہے۔کشمیر کی صورتحال دونوں ممالک کے لیے اہمیت کی حامل ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی  حکومت پر اپنے ہی ملک میں تنقید ہورہی ہے، بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھنی شروع ہوگئی ہیں جبکہ دنیا بھی دیکھ رہی ہے کہ بھارت دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان پر نظریں لگائے بیٹھیں ہیں، ہم دوست ممالک کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہیں۔

قومی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہونے وزیر خارجہ نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو  کو  تجویز کے لیے خط لکھا ہے۔

مزیدخبریں