پاکستان میں پرفارم کرنے پر بھارتی انتہا پسندوں نے میکا سنگھ کو معافی پر مجبور کردیا

12:48 PM, 21 Aug, 2019

ممبئی: بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو پاکستان میں شادی کی تقریب میں پرفارم کرنا مہنگا پڑگیا ہندو انتہا پسندوں نے گلوکار کو معافی مانگنے پر مجبور کردیا۔

پاک بھارت کشیدگی کے اس ماحول میں جب مودی سرکار نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اس وقت بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے پاکستان میں ایک شادی کی تقریب کے دوران پرفارم کرکے پاکستانی اور بھارتی میڈیا میں ہلچل مچادی ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کی دوتنظیموں نے میکا سنگھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے نہ صرف ان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا بلکہ دیگر اداروں کو بھی دھمکی دی کہ اگر کوئی ان کے ساتھ کام کرے گا تو اسے بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔

اس کے علاوہ میکا سنگھ کے گھر کے باہر انتہا پسندوں نے شدید احتجاج بھی کیا، جس کے بعد میکا سنگھ اتنے تنگ آگئے کہ انہوں نے انتہا پسندوں کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پاکستان میں پرفارم کرنے پر معافی مانگ لی۔

گلوکار میکا سنگھ نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینے ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) کے وائس پریزیڈنٹ بی این تیواری کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کہتے نظر آرہے ہیں کہ میکا سنگھ نے انہیں خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں پرفارم کرنے کو غلطی قرار دیتے ہوئے پوری قوم سے معافی مانگی ہے۔

اور یہ بھی کہا ہے کہ جب تک آپ میرا موقف سن نہیں لیتے مجھ پر پابندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کریں۔ جس کے بعد ایف ڈبلیو آئی سی ای کمیٹی نے عارضی طور پر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزیدخبریں