لاہور : سابق کپتان رمیز راجہ نے بھی مصباح الحق کو پاکستانی ٹیم کو ہید کوچ بنانے کی مخالفت کر دی ، کہتے ہیں مصباح کی دفاعی حکمت عملی پی سی بی کے لیے درست نہیں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے مصباح الحق کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی مخالفت کر دی ہے ، انھوں نے کہا کہ مصباح کی دفاعی حکمت عملی ٹیم اور کرکٹ بورڈ دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصباح کچھ خود کرنے کے بجائے مخالف ٹیم کی غلطی کا انتظار کرتے ہیں۔سابق کپتان نے زور دیا کہ پاکستان کو بے خوف اور جدید طرز کی کرکٹ کھیلنی ہوگی تب ہی گرین شرٹس کامیاب ہوسکتے ہیں۔
ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی ٹیسٹ ٹیم کو اپنی جارحانہ حکمت عملی سے نئی سطح پر لے گئے ہیں اور پاکستان کو بھی ایسا ہی کرنے کی ضرورت ہے۔
معروف کمنٹیٹر کا کہنا تھا کہ جارحنہ کرکٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈی این اے میں ہے، صرف اس حوالے سے درست منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک اچھی ٹیم کے طور پر تسلیم کیے جانے کے لیے قومی ٹیم کو ہر طرح کی کنڈیشنز میں فتوحات حاصل کرنا ہوں گی،امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 45 سالہ سابق کپتان کو ہیڈ کوچ کے عہدے کے ساتھ ساتھ چیف سیلیکٹر بھی بنا دیا جائے گا۔