افغانستان میں طالبان نے تین بسوں کو یرغمال بنالیا،21 مسافر اغوا

10:19 AM, 21 Aug, 2018

کابل: افغانستان میں طالبان نے تین مسافر بسوں کو یرغمال بنا کر 21 افراد کو اغوا کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے قندوز کے علاقے میں گزشتہ شب تین مسافر بسوں کو یرغمال بنالیا جس میں مجموعی طور پر 170 افراد سوار تھے جن میں سے 149 مسافروں کو جانے دیا جب کہ 21 افراد کو سیکیورٹی اہلکار ہونے کے شبے میں طالبان اپنے ہمراہ لے گئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے میڈیا کو بتایا کہ 21 افراد کو طالبان کے قبضے سے رہا کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس کے دوران 7 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ آپریشن مغویوں کی بازیابی تک جاری رہے گا۔

مسافر بسیں قندوز صوبے کے ہائی وے  سے کابل کی جانب جارہی تھیں۔ یہ علاقہ طالبان کے زیر تسلط ہے۔ طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بسوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کی اطلاع پر مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔ جانچ پڑتال کے بعد 149 مسافروں کو جانے دیا۔

واضح رہے کہ افغانستان کے 99 ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر اشرف غنی نے تین ماہ کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ تاہم یہ سیز فائر طالبان کی جانب سے کارروائی نہ کرنے سے مشروط ہے۔

مزیدخبریں