نیو یارک: امریکی ماہرین نے یرقان سے نجات پانے والی غذاوں کی فہرست جاری کر دی۔
امریکی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ماہرین کی تازہ تحقیق کے مطابق انسانی جگر جسم میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے جو کھانا ہضم کرنے کے ساتھ تمام ضروری غذائیت بھی جسم کو فراہم کرتا ہے جبکہ جگر ہی خون میں پروٹین، چربی اور چینی کی سطح کو منظم کرتا ہے اور جسم میں جمع ہونے والے زہر کے خاتمے کے لیے مسلسل کام کرتا رہتا ہے لیکن جگر کی بہت سی بیماریاں بھی ہیں جن میں ہیپاٹائٹس اے، بی، سی، ڈی اور یرقان وغیرہ شامل ہیں اور صحت مند رہنے کے لیے ان تمام بیماریوں سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر کوئی یرقان میں مبتلا ہو جائے تو وہ مندرجہ ذیل غذاوں کا استعمال کرے تاکہ اس بیماری سے باآسانی نجات حاصل کی جا سکے۔فہرست میں پہلا نمبر گنے کا ہے۔گنا ہاضمے کے لیے اچھا ہوتا ہے اور یہ جگر کے نظام کو مزید بہتر بناتا ہے جبکہ روزانہ گنے کا ایک گلاس جوس پینے سے یرقان کا مریض تیزی سے اس مرض سے چھٹکارا حاصل کر سکتا ہے۔
فہرست میں دوسرا نمبر ٹماٹر کے جوس کا ہے ۔ٹماٹر بھی انسان کے اندر خون بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے اور اس کے اندر لیوپیین موجود ہوتا ہے جو جگر کی بیماریوں کا خطرہ کم کرتا ہے۔ صبح کے وقت ٹماٹر کے جوس کا ایک گلاس نمک اور مرچ ملا کر پیا جائے تو یرقان کا علاج جلد کیا جا سکتا ہے۔
فہرست میں تیسرے نمبر پر مولی کے پتے آتے ہیں،یرقان سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مولی کے پتوں کا استعمال بھی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ ان پتوں میں ایسے مرکبات ہوتے ہیں جو غذا کے ہاضمے کے لئے آنتوں کی حرکت کو بہتر بناتے ہیں۔ روزانہ مولی کے پتوں کا رس نکال کر ایک گلاس پیا جائے تو یرقان کا علاج جلد ممکن ہے۔
فہرست کی دیگر غذاوں میں لیموں،پپیتے کے پتے، پالک اورچھاچھ شامل ہے ان غذاوں کے استعمال سے یرقان کے مریض کو اس بیماری سے نجات حاصل ہو سکتی ہے۔ماہرین کی اس حوالے مزید تحقیق جاری ہے۔