قطر کا سعودی ائیر لائنز کو دوحہ حمد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنے کی اجازت دینے سے انکار

01:36 PM, 21 Aug, 2017

ریاض: قطر نے سعودی عربین ائیر لائنز کو دوحہ حمد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا قطری عازمین کو دوحہ سے سعودی عرب لانے کیلئے السعودیہ کی پروازوں کا شیڈول تیار نہ ہو سکا ۔سعودی عربین ائیر لائنز کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر خالد الجاسر نے واضح کیا ہے کہ کئی دن گزر جانے کے باوجود قطری حکام نے السعودیہ کو دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنے کا اجازت نامہ نہیں دیا۔

اس وجہ سے قطری عازمین کو دوحہ سے سعودی عرب لانے کیلئے السعودیہ کی پروازوں کا شیڈول تیار نہیں کیا جا سکا ۔ السعودیہ نے شیخ عبداللہ بن علی آل ثانی کی ثالثی کے بعد خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے قطری عازمین کو ارض مقدس لانے کیلئے قطری حکام سے اجازت طلب کی تھی ۔

قطر کے سابق امیر علی بن عبداللہ آل ثانی کے بیٹے شیخ عبداللہ آل ثانی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ حج کیلئے دوحہ سے سعودی طیاروں کو اترنے کی اجازت نہ دینے پر مجھے افسوس ہے ۔ قطری بھائیوں سے امید کرتا ہوں کہ وہ ہم وطنوں کو حج میں آسانی پیدا کرنے کیلئے تعاون کریں ۔

انہوں نے آرزو ظاہر کی کہ حج کا ارادہ کرنیوالے قطری شہری زمینی راستے اور دمام اور الاحسا فضائی راستے سے اپنا پروگرام پورا کر سکتے ہیں ۔ دوسری جانب سعودی ایوان شاہی کے ابلاغی مشیر سعود القحطانی نے السعودیہ کو قطری حکام کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اہل قطر صبر کرو تمیم بن حمد آل ثانی آپ لوگوں کو دوحہ سے براہِ راست پروازوں کے ذریعے حج پر آنے سے روک رہے ہیں ۔ آپ لوگ زمینی راستے نیز الاحسا اور الدمام کے ہوائی اڈوں نیز دنیا کے کسی بھی ملک سے حج پر آسکتے ہیں ۔

مزیدخبریں