کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پاک سر زمین پارٹی کے دفتر پہنچ کر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جسے قبول کر لیا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے عامر خان، فیصل سبزواری اور کامران ٹیسوری پر مشتمل وفد نے پاک سرزمین پارٹی کے دفتر کا دورہ کیا۔ پاک سرزمین پارٹی کے حفیظ الدین، ڈاکٹر صغیر اور وسیم آفتاب نے وفد کا استقبال کیا اور ان سے خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر سیاسی صورتحال اور بلدیاتی حکومتوں سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ایم کیو ایم کے وفد نے 23 اگست کو بلائی جانے والی کل جماعتی کانفرنس میں پی ایس پی کو شرکت کی دعوت بھی دی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق کل جماعتی کانفرنس میں بدعنوانی کے خاتمے، مقامی حکومتوں کے اختیارات اور پاکستان کی سالمیت کے امور پر غور کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کل جماعتی کانفرنس وسیع تر اتفاق رائے کے لیے بہترین فورم ثابت ہو گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں