پیانگ یانگ:اب امریکا کا کوئی بھی علاقہ ہمارے حملے سے نہیں بچ سکتا تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا نے ایک بار پھر امریکا پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جب چاہے امریکا پر حملہ کر سکتا ہے اور اس حملے سے امریکا کا کوئی علاقہ نہیں بچ سکے گا۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا اور امریکی فوج کے درمیان مشترکا مشقوں سے ایک روز قبل شمالی کوریا کی جانب سے یہ دھمکی سامنے آئی ہے۔
شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان فوجی مشقوں کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رویہ صورتحال کو نہ سنبھلنے والی ایٹمی جنگ کی جانب لے جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا نے دھمکی دی تھی کہ وہ بحرالکاہل کے کنارے امریکی خطے گوام کے فوجی اڈے کو نشانہ بنائے گا اور اس سلسلے میں منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔بعد ازاں شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان نے اس منصوبے کو ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کا رویہ دیکھنے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔