لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور کسی کو کسانوں کے نام پر سیاست یا صوبے کے حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے گندم کے کاشتکاروں کے لیے 109 ارب روپے کا پیکج متعارف کروایا ہے۔ ہر کاشتکار کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ دیے جائیں گے جبکہ فلور ملز کو 25 فیصد گندم خریدنے کا پابند کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گندم کے کاشتکاروں کو 10 ارب روپے کی سبسڈی کے تحت 9500 ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے، اور ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے 8 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جامع پالیسی تیار کی ہے، اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں کاشتکاروں کے لیے سب سے بڑے اقدامات کیے گئے ہیں۔