لاہور: انسداد پولیو مہم کے پہلے روز صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر لاہور کے مختلف علاقوں میں متحرک نظر آئے۔ نمائندہ نیونیوز کے مطابق وزیر صحت نے پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ کا دورہ کیا، پولیو ورکرز سے ملاقات کی اور ان سے مہم کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
خواجہ عمران نذیر نے خود مختلف گھروں میں جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے، اس موقع پر والدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کی صحت اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔"
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر انسداد پولیو مہم کو ہر قیمت پر کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پولیو کے دو قطرے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں، لہٰذا ہر والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔