مولانا فضل الرحمٰن کی جماعت اسلامی مرکز منصورہ آمد، حافظ نعیم الرحمٰن سے سیاسی و قومی معاملات پر مشاورت

مولانا فضل الرحمٰن کی جماعت اسلامی مرکز منصورہ آمد، حافظ نعیم الرحمٰن سے سیاسی و قومی معاملات پر مشاورت

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آج جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر منصورہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی تناظر، ملکی استحکام، انتخابی اصلاحات اور غزہ کی صورتحال سمیت مختلف قومی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق، ملاقات سہ پہر 3 بجے منصورہ میں منعقد ہوئی، جہاں دونوں قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی، سیاسی اور خارجی بحران کا حل صرف سیاسی جماعتوں کے درمیان مکالمے اور باہمی اتفاق رائے سے ممکن ہے۔

دونوں رہنماؤں نے حالیہ غزہ مارچز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی صرف احتجاجی مارچوں سے نہیں بلکہ عملی سفارتی دباؤ سے کیا جا سکتا ہے، اور اس حوالے سے پاکستان کو اپنا کردار عالمی سطح پر بڑھانا ہوگا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہوں، کیونکہ ملک کو اس وقت اندرونی استحکام کی شدید ضرورت ہے۔