ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ، وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم

 ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ، وزیراعظم شہباز شریف کا خیرمقدم

اسلام آباد  :  پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر نے معاشی ترقی کی جانب ایک اہم قدم بڑھاتے ہوئے جولائی 2024ء سے مارچ 2025ء کے دوران برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی برآمدات 13.613 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

اس معاشی سنگ میل پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل انڈسٹری اور نجی شعبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے پاکستانی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صرف مارچ 2025 میں برآمدات میں 6.27 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جو کہ حکومت کی مؤثر اقتصادی پالیسیوں، برآمدی شعبے کی محنت اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کا مظہر ہے۔

شہباز شریف نے کہا "یہ کامیابی حکومت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون، مسلسل محنت اور اعتماد کا نتیجہ ہے۔ ہم کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور برآمدات میں مزید بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھیں گے۔"
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت پالیسی سازی کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات میں توازن کے ساتھ ترقی کو یقینی بنانا ہے تاکہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔

مصنف کے بارے میں