کراچی : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا ایک اور سنسنی خیز مقابلہ آج رات نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جہاں میزبان ٹیم کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔
اس سیزن میں کراچی کنگز کی قیادت آسٹریلیا کے مایہ ناز اوپنر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھ میں ہے، جو اپنی جارحانہ بیٹنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کے لیے مشہور ہیں۔ دوسری جانب پشاور زلمی کی کپتانی پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کر رہے ہیں، جنہیں حالیہ دنوں میں شاندار فارم میں دیکھا گیا ہے۔
اب تک کے ایونٹ میں کراچی کنگز نے 4 میں سے 3 میچز جیت کر خود کو پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر فائز کیا ہے۔ دوسری جانب پشاور زلمی نے 3 میچز میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی ہے اور پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جب کہ ملتان سلطانز اب تک کوئی میچ نہ جیتنے کی وجہ سے سب سے نیچے ہے۔