ویٹیکن سٹی :کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا اور ویٹیکن سٹی کے حکمران پوپ فرانسس 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ویٹی کن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پوپ فرانسس نے آج صبح وفات پائی۔
پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی سربراہ تھے، جنہوں نے پوپ بینڈکٹ کے2013 میں مستعفی ہونے کے بعد یہ منصب سنبھالا تھا۔ وہ گزشتہ کئی ماہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، اور حال ہی میں انہیں ڈبل نمونیا بھی ہوا تھا، جس کے باعث وہ کئی دن ہسپتال میں زیر علاج رہے۔
چند روز پہلے ہی انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، اور ایسٹر کے موقع پر انہوں نے عوام سے ملاقاتیں بھی کی تھیں، لیکن اپنی صحت کی خرابی کے باعث اس سال ایسٹر پر رسمی خطاب نہیں کر سکے تھے۔
پوپ فرانسس کا انتقال نہ صرف کیتھولک کمیونٹی بلکہ دنیا بھر کے مذہبی اور بین المذاہب مکالمے کے حامیوں کے لیے ایک بڑا نقصان سمجھا جا رہا ہے۔