اسلام آباد : ملک کے بیشتر حصوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کاامکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں بھی گرمی کا زور برقرار رہے گا۔ جنوبی پنجاب میں دوپہر کے وقت گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی پڑے گی۔
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں ۔ جن میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مہمند، خیبر اور کرم شامل ہیں ، میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعض مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کراچی کے شہریوں کے لیے آج کا دن خاصا گرم ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔