صنعا ء : یمن کے دارالحکومت صنعا پر اتوار کی شب امریکی فضائی حملوں میں کم از کم 12 شہری جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حملے کا نشانہ صنعا کے فروا ضلع میں ایک بازار اور رہائشی علاقہ بنا۔
حوثی باغیوں کے زیرانتظام وزارت صحت کے مطابق، حملے کے وقت علاقے میں عام شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ زخمیوں میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، یمنی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی طیاروں نے مارب، الحدیدہ اور صعدہ میں بھی بمباری کی، تاہم ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
خیال رہے کہ امریکا گزشتہ ایک ماہ سے یمن میں حوثی اہداف پر مسلسل فضائی کارروائیاں کر رہا ہے۔ امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ حملے خلیج میں بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں، جسے وہ حوثی گروپ کی جانب سے درپیش خطرات کا جواب قرار دیتے ہیں۔
اس سے قبل جمعرات کو بھی یمن کی راس عیسیٰ آئل پورٹ پر ایک بڑے فضائی حملے میں 80 افراد جاں بحق اور 150 زخمی ہوئے تھے۔ دوسری جانب، حوثی گروپ نے ان حملوں کا جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی جنگی جہازوں اور اسرائیل پر حملے کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر کی جا رہی ہیں۔