اسلام آباد : ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ بعض پولنگ سٹیشنز سے نتائج آنا بھی شروع ہوگئے ہیں اور اب تک کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کو برتری حاصل ہے۔
ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات میں پولنگ کے بعد گنتی کا عمل اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
این اے 8 باجوڑ 366 پولنگ اسٹیشن میں سے 20 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار مبارک زیب 3732 ووٹ لے کرپہلے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر خان 2950 ووٹ لیکردوسرے نمبرپر ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان کے 358 پولنگ اسٹیشن میں سے 5 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے تحت سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین خان 698 ووٹ لے کر آگے ہیں۔پیپلز پارٹی کے عبدالرشید خان کنڈی 270 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قومی اسمبلی کی خالی کردہ نشست این اے 119 پر بھی پولنگ ہوئی۔ این اے 119 لاہور 3 کے 338 پولنگ اسٹیشنز میں سے 18 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم ليگ ن کے علی پرویز مدمقابل امیدواروں سے آگے ہیں۔علی پرویز ملک 2312 ووٹ لے کر پہلے اور سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق 1320 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 132 قصور 2 کے 342 پولنگ اسٹیشن میں سے 59 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے ملک رشید احمد خان 33810 ووٹ لے کر پہلے اور سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر 16462 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں بھی ضمنی انتخاب ہوا۔ این اے 196 قمبر شہداد کوٹ کے 303 پولنگ اسٹیشنز میں سے 12 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے تحت پیپلز پارٹی کے خورشید احمد جونیجو 3028 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔تحریک لبیک پاکستان کے محمد علی 47 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 22نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ قومی اسمبلی کی 5اور صوبائی اسمبلیوں کی 16نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوا جبکہ بلوچستان کے ایک حلقے پی بی 50قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ ہوئی۔