جن سے غلطی ہوئی اب ٹھیک کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے جلد الیکشن کروائیں:عمران خان

10:49 PM, 21 Apr, 2022

لاہور :چیئرمین تحریک انصاف پاکستان عمران خان نے کہا آج آپ کو آئندہ کا لائحہ عمل دینا ہے کیونکہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرنا ،کان کھول کر سن لو ہم نے کسی صورت نہیں جھکنا ،پاکستان کی حقیقی آزادی کیلئے تحریک چلائینگے ،سب مل کر تیاری کریں اور میری ایک کال کا انتظار کریں جب آپ کو اسلام آباد بلائوں گا ،پاکستان غلام حکمرانوں اور کرپٹ لوگوں کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے،جن لوگوں سے غلطی ہو گئی وہ بس ایک ہی صورت میں ٹھیک ہو سکتی ہے کہ جلد از جلد الیکشن کروائیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے لاہور جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جانتا تھا لاہور مایوس نہیں کریگا ،آج آپ نے سابقہ تمام جلسوں کے ریکارڈ توڑ دئیے میں نے اس سے قبل اتنے بڑے جلسے سے خطاب نہیں کیا ،انہوں نے کہا آج جوتے پالش کرکے ہم پر غلام حکومت مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن میں آپ کو بتا دوں نہ ہم نے غلامی قبول کرنی ہے اور نہ ہی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرینگے ،عمران خان نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جن لوٹوں نے غداری کی ان کو آپ نے کبھی ووٹ نہیں دینا ،کیونکہ اگر آپ نے ان کو ووٹ دیا تو یہ ملک سے غداری ہوگی ۔

عمران خان نے کہا جب حکومت میں آیا تو کوشش کی کہ آزاد خارجہ پالیسی بنائوں لیکن میری یہ کوشش ان لوگوں کو پسند نہ آئی جو ایک فون کال پر اپنی بات منوا لیتے تھے ،لیکن میری کوشش تھی کہ میں ایسے فیصلے کروں جس سے پاکستانی خوش ہو ں ہم دوسروں کو خوش نہیں کرنا چاہتے تھے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا آج بتا دینا چاہتا ہوں، کسی صورت کرپٹ حکومت کو قبول نہی کروں گا،کہتے ہیں کہ روس کیوں گیا ؟روس اس لئے گیا کہ اس میں میرے عوام کا فائدہ تھا،دورہ روس کامقصد یہ تھا کہ میں پاکستان میں مہنگائی کو کم کیا جائے کیونکہ روس ہمیں گیس اور تیل کم نرخوں پر دینے کیلئے راضی تھا جس سے پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہو جانی تھیں ۔

عمران خان نے کہا یہاں بیٹھے غداروں نے باہر کی سازش کا مکمل ساتھ دیا،خارجہ پالیسی کا مقصد صرف اپنے عوام کی سوچ پر بنتی ہے،جس سے آپ کی عوام کا فائدہ ہو ،امریکا کو تکلیف تھی کہ میں نے "ایبسلوٹلی ناٹ" کیوں کہا،انہوں نے کہا بڑی طاقتوں کو ایسے لوگ اچھے لگتے ہیں جو ان کی ہر بات مان لیں ،میں نے کبھی کسی سے کوئی ڈکٹیشن نہیں لی ۔

چیئرمین تحریک انصاف پاکستان نے کہا کہ میرے بڑے ادب سے اپنی عدالتوں سے پوچھتا ہوں کہ جن لوگوں نے غداری کی جنہوں نے اپنے ضمیر فروخت کر دئیے کیا یہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہیں ۔

انہوں نے مزید کہا آج پوری دنیا میں ہماری کیا عزت ہے ،بیرون ملک لوگ بیٹھے کہہ رہے ہیں کہ چوروں کو ملک پر مسلط کر دیا ہے ۔

مزیدخبریں