لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی ہے ۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جب سب اتحادی ساتھ چھوڑ گئے تب بھی چودھری پرویزالٰہی نے مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھ دینے کا وعدہ نبھایا۔
نیو نیوز کے مطابق اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ کے اس فیصلے کی دل سے قدر کرتے ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کے فلور پر ن لیگی غنڈوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف نہیں بس تکلیف ہی دے سکتے ہیں۔عمران خان قوم کے حقوق کیلئے باہر نکلے ہیں ہم سب اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ملاقات میں سینیٹر ذیشان احمد، خانزادہ حسین، سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ، چودھری نذیر جٹ اور عامر سعید راں بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی ۔