لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج لاہور میں پاور شو کرے گی ،سابق وزیر اعظم اور چئیر مین پی ٹی آئی عمران خان جلسہ سے خطاب کریں گے۔پنڈال میں پچاس ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج پی ٹی آئی کے مینار پاکستان پر بڑے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں جبکہ شرکا کیلئے پنڈال میں 50 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔جلسے کا آغاز بعد از نماز عشاء کیا جائے گا جس سے سابق وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔
دوسری جانب سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر لاہور نے مینار پاکستان پر جلسے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو خط لکھ دیا۔جس میں کہا گیا کہ مینار پاکستان جلسے میں سکیورٹی خدشات موجود ہیں، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرلیں، جلسہ گاہ مت جائیں۔تاہم خط کے جواب میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان 21 اپریل بروز جمعرات کوہرصورت مینار پاکستان جائیں گے اور قوم سے خطاب کرینگے۔